جنگ ملازمین کو فوری تنخواہیں اداکی جائیں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور
حیدرآباد(گردوپیش آن لائن)
حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور نے روزنامہ جنگ اخبار کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ائیگی پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے فوری ادائیگی کا مطالبہ کیاھے اور کہاہے کہ
حکومت سرکاری اشتہارات کو تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے،
حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور نے جنگ گروپ کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ HUJ دستور کے صدر راحت کاظمی جنرل سیکریٹری لالہ مرزاخان واراکین گورننگ باڈی نے ایک بیان میں کہاھے کہ مہنگائی کے اس دور میں روزنامہ جنگ، دی نیوز، اخبار جہاں اور جنگ گروپ کے دیگر پبلیکشنز کے صحافیوں اور دیگر ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی اور تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا یہ سلسلہ ایک سال سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کےا خبارات میں اشتہارات کی بھرمار ہےجبکہ دوسری جانب ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے ان حالات میں ملازمین کی موجودہ تنخواہیں ناکافی ہیں اور اس پر افتاد یہ ہے کہ مالکان اخبارات روزمرہ اخراجات کے لیے ناکافی تنخواہیں بروقت ادا نہیں کررہے ہیں اور اس سلسلے میں مسلسل حیلے بہانے تراشے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو حاصل میڈیکل سہولتیں بھی تقریبا ایک سال سے بند ہیں اس کے علاوہ بونسز کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی ہے جس نے ملازمین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔رہنماوں نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران کی بھاری بھرکم تنخواہوں کی ادائیگی ہورہی ہے مگر کم تنخواہ ملازمین کو محروم رکھاجارہا ہے، جو انتہائی شرمناک عمل ہے۔یونین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خوردنوش کی اور ادوایات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ان حالات میں بیماری کی شکار خاندانوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔یونین نے مطالبہ کیا ھےکہ جنگ گروپ کی انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں اوربونسز کی فی الفور ادائیگی کریں، میڈیکل سہولتیں بحال کریں بصورت دیگراحتجاج کا راستہ اختیار یاجاسکتاھے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مالکان اخبارات کو پابند کرے کہ وہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔مجلس عاملہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سرکاری اشتہارات کو تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کیا جائے ۔حکومت نے مالکان اخبارات کے سارے واجبات کلیئر کردیے ہیں اس کے باوجود وہ تنخواہوں کی ادائیگی سے گریز کررہے ہیں۔
جنگ گروپ کے نیوز چینل جیونیوز میں سات سال سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیاگیا اور کہا کہ گزشتہ سات سال میں اشاریہ ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا مگر جیو کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ جیو نیوز ملازمین کی تنخواہوں میں فی الفور اور معقول اضافہ کریں۔




