حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست30نومبرکوشائع کر دی جائے گی ،الیکشن کمیشن
حیدرآباد)گردوپیش ویب ڈیسک: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست30نومبرکوشائع کر دی جائے گی تاہم عام انتخابات کے دوران پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کہا گیا کہ عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کےلیے سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ یاد رہے کہ اعلامیہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے، انتخابی فہرستوں کی ترسیل الیکشن پروگرام تک یقینی بنائی جائے گی، قانونی اور سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق کی منظوری دی جائیگی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، ریٹرننگ اور پولنگ سٹاف کی ٹریننگ کا پلان تیار کر لیا گیا ہے، انتخابی آفیشلز کی بروقت ٹریننگ یقینی بنائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن میٹریل کی خریداری بھی مکمل کر لی گئی ہے، انتخابی فہرستوں کی ریٹرننگ افسروں تک ترسیل کا مکمل میکنزم تیار ہے، ریٹرننگ افسروں کو بروقت انتخابی فہرستوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔




