بلے کا نشان برقرار،پی ٹی آئی کو انٹراپارٹی الیکشن کا حکم تحریک انصاف کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
حیدرآباد(گردوپیش ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کا بلے کا نشان برقرار، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
فیصلہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کا بلے کا نشان برقرار رکھتے ہوئے 20 روز میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کالعدم قرار دے دیئے گئے ہیں، ای سی پی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے اس لئے 20 روز کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کروائے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انتخابات کے بعد 7 روز کے اندر رپورٹ جمع کروائے۔ یاد رہے کہ پارٹی الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان کیلئے نااہل ہوگی۔دوسری جانب
انٹرا پارٹی الیکشن 20روز میں کرانے کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ تحریک انصاف نے چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بہت افسوس ہوا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے الیکشن آئین و قانون کے مطابق کرائے، الیکشن کمیشن نے یہ نہیں کہا تھا کہ پارٹی انتخابات آئین کے مطابق نہیں ہوئے بلکہ کہا تھا کہ دستاویزات پورے نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔




