مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی کال پرحیدرآبادمیں مکمل شٹرڈاون جے یوآئی(س)سمیت تاجرتنظمیوں کی ہمایت
حیدرآباد(گردوپیش) مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر کی طرح حیدرآبادمیں بھی شٹرڈاون رہاچھوٹے بڑے کاروباری مراکزبند رہے، جے یوآئی(س)سمیت دیگرسیاسی پارٹیوں تاجرتنظمیوںکی ہمایت رہی،
اس دوران حیدرآباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے اناج مارکیٹ سے ریلی بھی نکالی گئی جوحیدرآبادکے مختلف علاقوں تلک چاڑی چھوٹی گھٹی کے سامنے سے گزرتے ہو ئے جماعت اسلامی کےپرپہنچی ،
امیر جماعت ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے ریلی کی قیادت کی۔ریلی کے شرکاء نے حکومتی اقدام کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی سے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی، نائب امیر عبدالقیوم شیخ، جنرل سیکریٹری عدنان دانش، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر سیف الرحمن اور جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی حیدرآباد عبدالباسط خان نے خطاب کیا۔
ضلعی امیر عقیل احمد خان نے تاجر تنظیموں،مارکیٹ ایسوسی ایشنز، وکلاء برادری،چمبر آف کامرس، اسمال چیمبر، علماء کرام سمیت شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی کال پر مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے اسے کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ غریب عوام مہنگائی کے ہاتھوں مرچکے ہیں اب رہی سہی کسر موجود ہ نگران حکومت روزانہ کی بنیاد پر بجلی وپٹرو ل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پوری کررہی ہے۔بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے لوگ زیوارت بیچ رہے ہیں، بجلی بل جمع کرنا عوام کے بس سے باہر ہو گیا ہے ستم ظریفی یہ ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں بھی ہو شربا اضافہ کر کے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ عوام کے ٹیکس سے ملک کے وڈیرے اور حکمران لوٹ مار، کرپشن اور عیاشیاں کرتے ہیں، اشرافیہ اور جاگیردار اس نظام سے فائدہ حاصل کرتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوں میں اقساط کا ریلیف نہ دے بلکہ بلوں میں شامل کئے گئے اضافی ٹیکسز واپس لئے جائیں اور بجلی کے بنیادی ٹیرف کو کم کیا جائے، اسی طرح پیٹرولیم کی قیمتوں میں بھی اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔حافظ طاہر مجید، عبدالوحید قریشی، عبدالقیوم شیخ اور عرفان قائمخانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں جو مہنگائی کی صورت حال ہے موجودہ نگران حکومت اس کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔نگرا ں حکومت بھی آئی ایم ایف کی غلامی کر رہی ہے عوام کی نگرانی کیلئے آنے والوں نے نگرانی کے بجائے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 80ہزار لوگوں کو مفت بجلی فراہم کی جا ری ہے، 31کروڑ سے زائد بجلی کے مفت یونٹ دیے جا رہے ہیں اور ساڑھے 5ارب روپے سے زائد سالانہ استعمال کی جانے والی مفت بجلی کی وصولی عوام سے کی جاتی ہے، یہ مفت بجلی اور پٹرول کیوں دیے جا رہے ہیں انہیں بند کیوں نہیں کیا جاتا۔ عوام کاجینا محال ہو رہا ہے کوئی تو اس مہنگائی کو لگام ڈالے۔حکومت کو خبردار کرتے ہیں بجلی قیمت میں اضافے کا فیصلہ واپس لے۔ ظالمانہ فیصلے کو نہیں مانتے
دوسری جانب حیدرآباد کی، تاجر ایکشن کمیٹی نے بھی ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بجلی کی قیمتوں میں اضافی ٹیکسز اور بنیادی ضرورتوں کی قیمتوں میں ہوشر بہ اضافے کے خلاف حیدر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے میں تاجر رہنما محمود راجپوت ، صلاح الدین غوری ، سلیم وہرہ ،رحمت اللہ ، محبوب ابڑو و دیگر نے کہا کہ حکومت کیجانب سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بنیادی ضرورتوں کی قیمتوں میں ہوشر بہ اضافے سے غریب تو کیا متوسط طبقے سے بھی جینے کا حق چھین لیا گیا ہے اور غریب خود کشیوں پر مجبور ہورہے ہیں اور ملک انار کی طرف جارہا ہے جس سے ملک کو بچانے کیلئے فلفور ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے




