ریجنل ڈائریکٹر محتسب سندھ حیدرآباد کاکو ہسار ہسپتال لطیف آباد کادورہ
حیدراباد(گردوپیش ) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ سہیل احمد راجپوت (تمغہ امتیازی) کی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب سندھ حیدرآباد سید سجاد حیدر شاہ نے گزشتہ روز کوہسار ہسپتال لطیف آباد حیدرآباد کا اچانک دورہ کیا -دورے کے دوران ریجنل ڈائریکٹر سید سجاد حیدر شاہ نے حاضری رجسٹرڈ اور ادویات کی دستیابی کے حوالے سے ریکارڈ کا معائنہ کیا اور آرتھوپیڈک ،میڈیکل ،میل و فیمیل، سرجیکل ،جنرل او پی ڈی،امراض قلب اور گائنی کی اوپی ڈیز،لیبروارڈ،فیملی پلاننگ یونٹ، ڈینٹل یونٹ کاتفصیلی معائنہ کیا-اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے اسپتال میں علاج و معالجہ اور ادویات کی دستیابی کے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ ریجنل ڈائریکٹر نے چیسٹ او پی ڈی کے ریکارڈ کو درست طریقے سے منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، ریجنل ڈائریکٹر نے شعبہ حادثات کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی حاصل کی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والے علاج و معالجہ اوردیگر سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیا

-علاوہ ازیں ریجنل ڈائریکٹر نے ای پی آئی سینٹر میں موجود متعلقہ عملے سے بچوں کو موذی اور مہلک امراض سے بچاﺅ کی دی جانے والی ویکسینزکے حوالے سے بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں اور کولڈ چین کی دستیابی اور اس کی فعالیت کی اہمیت پر زور دیا- اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر نے ملیریا یونٹ کے عملے کو اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے پایا-اس موقع پر سید سجاد حیدر شاہ نے کہاکہ سرکاری اسپتالوں میںزیادہ ترغریب عوام علاج کے لیے آتے ہیںلہذا دکھی انسانیت کی خدمت اورغریب مریضوں کا علاج کرناآپ کی ذمہ داری اور فرائض ہےں لیکن آپ غریبوں کا علاج نیکی سمجھ کرکریں – دورے کے دوران کوہسار اسپتال لطیف آبادکے ایم ایس ڈاکٹر جمیل خان نے بتایا کہ سولرسسٹم درست طریقے سے کام نہ کرنے کی شکایت محکمہ توانائی کوکئی بار تحریری طور پردی گئی تاہم محکمہ توانائی سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا جس پر ریجنل ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ سولر سسٹم کے معاملے کے ساتھ ساتھ چاردیواری کی مرمت جیسے مسائل کو حل کروایا جائیگا- ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ پتھالوجی لیب کوفوری طور پر تمام وسائل بروئے کار لاکرفعال بنایاجائے- اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹرنے ڈاکٹرزکی عدم تعیناتی اور خالی آسامیوں کے حوالے سے بھی تفصیلات حاصل کیں- دورے کے اختتام پر ریجنل ڈائریکٹر سید سجاد حیدر شاہ نے صوبائی محتسب ادارے سندھ کے حوالے سے آگاہی نشست میںادارے کے اغراض و مقاصد، افادیت اور عوام کو صوبائی، سرکاری محکموں سے درپیش مسائل کے فوری حل اور مدد کے لیے محتسب اعلیٰ سندھ کے دفاتر سے رابطہ کرنے اور شکایت کے اندراج کے طریقہ کار کے متعلق آگاہی دی،اس موقع پر اسپتال کے میڈیکل سپر ڈنٹنڈ نٹ ڈاکٹر جمیل خان، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سعید احمد اور آر ایم او ڈاکٹر اقصیٰ راجپوت اور پیرامیڈیکل عملے کے دیگر افراد بھی موجود تھے،



