ہم نے کنٹونمنٹ بورڈ کی کچی آبادیوں سمیت کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بتدریج ترقیاتی کاموں کاآغاز کردیا ہے :کنٹونمنٹ بورڈ حیدرآباد کے صدر و اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر ذوالفقار باجوہ
حیدرآباد(گردوپیش آن لائن) کنٹونمنٹ بورڈ حیدرآباد کے صدر و اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر ذوالفقار باجوہ نے کہا ہے کہ ہم نے کنٹونمنٹ بورڈ کی کچی آبادیوں سمیت کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بتدریج ترقیاتی کاموں کاآغاز کردیا ہے۔
جس کے ثمرات ان آبادیوں میں رہنے والے عوام کو پہنچیں گے، ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائے۔
وہ کنٹونمنٹ وارڈ نمبر6 کچاقلعہ، ممتاز کالونی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے بعد فلٹر پانی کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر موجود افراد سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر حیدرآباد طیبہ نصیر ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے حق پرست نائب صدر شاہد عبدالعزیز ، کونسلر اظہر شیخ، عرفان علی خان ، درگا داس اور دیگر بھی موجو دتھے۔
بورڈ کے منتخب حق پرست کونسلر اور نائب صدر شاہد عبدالعزیز نے صدر کنٹونمنٹ بورڈ بریگیڈئیر ذوالفقار باجوہ کو وارڈ نمبر6کے مسائل سے آگاہ کیا۔ بریگیڈئیر ذوالفقا رباجوہ نے مزید کہاکہ دیگر علاقوں کی طرح ہم کچی آبادیوں کو بھی اہمیت دیتے ہیں ، کچاقلعہ ممتاز کالونی وارڈ نمبر6میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا وطن ہے ہم سب پاکستانی ہیں ہم سب کو مل کر ملک ، صوبے اور شہر کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے کیونکہ ملک کی خوشحالی میں ہی عوام کی خوشحالی ہے۔ اس موقع پر سی ای او حیدرآباد طیبہ نصیر نے کچی آبادیوں میں ترقیاتی کاموں کو کروانے کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



