شاہ عبدالطیف بھٹائی رحہ کے 280 ویں عرس دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت
حیدرآباد(گردوپیش)
ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی رحہ کے 280 ویں عرس مبارک دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے اورآنےوالے زائرین کوہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جبکہ درگاہ کی سیکیورٹی کی نگرانی کے لیے 52 سی سی ٹی وی کیمراز ، واک تھروگیٹس کے علاوہ بھٹ شاہ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا – کمشنر حیدرآبادکی جانب سے تمام محکموں کے سربراہان کو عرس مبارک سے قبل مطلوبہ انتظامات مکمل کرنے کے لیے باہمی رابطے میں رہنے کی ہدایات کی جبکہ غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی -انہوں نے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوارصورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینسز، فائربرگیڈکی گاڑیوں کو فعال حالت میں رکھنے اور گشتی طبی ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایات کی –
دوسری جانب ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی سفارش پر امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے بھٹ شاہ میں 15 یوم کے لیے4 ستمبر2023 تک دفعہ 144 نافذ کرکے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اوز کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی ہے –
اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ،ایس ایس پی مٹیاری محمد کلیم، ڈویژنل ڈائریکٹر حیدرآباد شہزاد شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مٹیاری منظور لغاری، ڈائریکٹر کلچر شیر محمد مہر ، ڈی ایچ او ڈاکٹر نذیر ملاح ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا،ڈپٹی ڈائریکٹرکلچر سلیم سولنگی اور دیگر نے بھی شرکت کی – کمشنر حیدرآباد نے محکمہ اوقاف کے متعلقہ افسران کو درگاہ کی صفائی ستھرائی ، تزین و آرائش کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی – انہوں نے لوکل گورنمنٹ ، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ، محکمہ ثقافت کے افسران کو زائرین کے لیے پینے کے صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات کی – اجلاس میں ایس ایس پی مٹیاری نے عرس مبارک کی سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر کلچر شیر محمد مہر نے بتایا کہ محکمہ ثقافت کی جانب سے عرس مبارک کے دوران سگھڑ کچری ، لطیف ایوارڈ، ادبی کانفرنس ، راگ رہان کی محافل کے علاوہ مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں – ہ آ نمبر (م ص ک)
مٹیاری 23 اگست(ہ آ ) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کے نوٹیفکیشن کے مطابق شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس مبارک کے دوران بھٹ شاہ میں 15 یوم کے لیے4 ستمبر2023 تک دفعہ 144 نافذ کرکے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اوز کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی ہے



