مہنگائی کیخلاف احتجاج، کراچی اور پنجاب کے وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ کا اعلان
حیدرآباد(گردوپیش)
ویب ڈیسک: بھاری بجلی بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی بے لگام قیمتوں کیخلاف کراچی میں بھی احتجاج جاری ہے، ذرائع کے مطابق کراچی بار ایسوسی ایشن نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافےکے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے بار نے وکلا کو عدالت میں پیش ہونے سے روک دیا ہے۔ کراچی بار کے جنرل سیکرٹری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی نے بھی آج شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے وکلاء اور تاجروں نے بھی آج مہنگائی اور بجلی بلوں کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ پنجاب بارکونسل نے مہنگائی کے خلاف ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف مختلف تاجر تنظیموں کی طرف سے آج ہڑتال اور احتجاج کی اپیل کی گئی ہے۔




