سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات انجینئرصابر حسین قائمخانی چیئر مین منتخب ہو گئے
حیدرآباد(گردوپیش) سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد ہوئے سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات کے سلسلے میں جنرل باڈی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں تمام ملحقہ ڈویژنز کراچی،حیدرآباد،میر پور خاص،شہید بے نظیر آباد،سکھر اور لاڑکانہ کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی۔اجلاس کی صدارت سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر عتیق الرحمان نے کی،انتخابی عمل میں تمام ڈویژنز نے حصہ لیا اور متفقہ طور پر انجینئر صابر حسین قائم خانی سابق رکن قومی اسمبلی کو سندھ ریسلنگ ایسوسی ایشن کا چیئر مین منتخب کیا گیا۔خالد جمیل شمسی صدر،حاجی غلام محمد سینئر نائب صدر،انوار حسین خانزادہ سیکریٹری اور محمد اقبال کا بطور خازن انتخاب عمل میں لایا گیا۔انتخابی عمل کے موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندے اصغر بلوچ،سندھ اسپورٹس بورڈ کے نمائندے فرید علی اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے نمائندے رانا امجد اقبال بطور آبزرور موجود تھے جنہوں نے الیکشن کے عمل کی نگرانی کی۔اس موقع پر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ارشد ستار،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائرکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت بھی موجود تھے۔



