اے پی ایم ایس او کی حیدرآباد کی نئی تنظیمی ایڈہاک سیکٹر کمیٹی کا اعلان حماد رضوان ایڈہاک انچارج مقرر
حیدرآباد(گردوپیش آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی انچارج حافظ شہریار خان نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا 60 فیصد ہیں اور اس ملک کی اس گھمبیر صورتحال میں نوجوان اپنے مثبت کردار کے باعث ملک کی کایا پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ حیدرآباد میں آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حیدرآباد سیکٹر کے تحت ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر اے پی ایم ایس او بلال،فرید نواز بھٹی،نبیل بھائی،فہد ولی،سید باسط،سید حماد عابدی حسنین قریشی اوردیگر بھی موجود تھے،
مرکزی انچارج حافظ شہریار نے کہا کہ ماضی میں اے پی ایم ایس او نے مڈل کلاس سے وطن عزیز کو نامور پارلیمنٹیرینز دئیے اور ہر شعبہ میں متوسط طبقے کے نوجوان طالب علموں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا اسی طرح اے پی ایم ایس او اب بھی یہ سمجھتی ہے کہ نوجوان طبقے کو مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک کا اثاثہ بنایا جا سکتا ہے اور اسی سلسلے میں 21 جولائی کو کراچی میں یوتھ کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے جس میں کراچی ہی نہیں پورے سندھ کے نمایاں نوجوان شرکت کریں گے اور وطن عزیز کی خدمت کا اعادہ کریں گے،

بعد ازاں مرکزی انچارج و کمیٹی ممبران نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حیدرآباد سیکٹر کی نئی ایڈہاک کمیٹی کا اعلان کیا جس کے مطابق سیکٹر انچارج حیدرآباد حماد رضوان ہوں گے اور سیکٹر کمیٹی میں ماجد زئی،وقار قریشی،حارث خانزادہ،غفار زلفی،عادل مغل،برہان،زین قائم خانی،سلمان قریشی ہوں گے انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی ایڈہاک کمیٹی طالب علموں کو اے پی ایم ایس او اور ایم کیو ایم کے فلسفے کے مطابق کام کرے گی



