حیدرآباد (گردو پیش ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ڈی جی ایچ ڈی اے کے دفتر کے احاطے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قومی پر چم کشائی کی مرکزی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا- تقریب سے ڈویڑنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سید پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی- اس موقع پر ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سید پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو اور ایس ایس پی حیدرآباد نے پرچم کشائی کی جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، پولیس کے ہراول دستے اور بینڈ نے مہمانوں کو سلامی پیش کی.
بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویزنل کمشنرحیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کرنے کی ضرورت ہے- ہمیں اپنے ابا ﺅ اجداد کی قربانی کو نظر میں رکھتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے انشاءاللہ پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا-اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سید پیر محمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق تعلیم دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہوں -تقریب سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے تمام اہلیاں حیدرآباد کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے جس کیلئے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں پیش کیں ہیں، آج اپنے عہد کو دہرانے کا دن ہے ہم سب ملکر اپنے ملک کی نیک نامی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے – انہوں نے حیدرآباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے شہر کی ترقی کیلئے انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیں-
اس موقع پر ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن و دیگر مہمان خصوصی نے جشن آزادی کا کیک کاٹا- بعدازاں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سید پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کے احاطے میں پودے بھی لگائے-قبل ازیں تقریب میں مختلف اسکولزکے بچوں کی جانب سے ٹیبلوز، ملی نغمات اور تقاریر کی گئی. تقریب میں مختلف محکموں کے افسران و عملے کو ان کی بھترین کارکردگی پر شیلڈز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا. تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرحیدرآباد قائم اکبر نمائی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اشرف سانگری اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد گدا حسین سومرو، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد لالہ اقبال اور اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی سرہان اعجاز ابڑو ، مختیار کار ایڈمن ذوہیب میمن و دیگر متعلقہ افسران محکمہ تعلیم کے اساتذہ، طالب علموں کے علاوہ سماجی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی.