مخصوص ايجنڈے والی ڈیجيٹل مردم شماری کو رد کرتے ہیں ایازلطیف پلیجو
حیدرآباد(گردو پیش)قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ مخصوص ايجنڈے والی ڈیجيٹل مردم شماری کو رد کرتے ہیں۔ مردم شماری میں ہیر پھیر وفاق اور صوبوں کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گا، مخصوص گروہوں کی نشستيں بڑھانے کے ليے سازش کی جا رہی ہے،
انہوں نے کہا کہ مردم شماری سندھيوں کا اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہو گی ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ دشمن ڈیجیٹل مردم شماری میں جعلی طور پر کراچی کی آبادی بڑھانے کے لیے گنتی کی مدت بڑھا دی گئی۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 2 کروڑ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
لاکھوں گھر تباہ ہوچکے ہیں، یہ لوگ اور مکانات گنتی سے محروم ہیں، اس کے باوجود متاثرہ علاقوں میں گنتی کی مدت بڑھانے کے بجائے کراچی میں مخصوص گروہ کی سندھ دشمن سازش کو مضبوط کرنے کے لیے مدت میں 20 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے، ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ جعلسازی کے ذریعے کراچی کی آبادی زیادہ دکھانے کی سازش کی گئی ہے تاکہ ایم کیو ایم کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور وہ اقتدار پر قابض ہونے کے بعد سندھ کو توڑنے کا اعلان کرسکیں۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری سندھ کی وحدت پر حملہ ہے۔ سندھ دشمن ڈیجیٹل مردم شماری کسی صورت قابل قبول نہیں۔ سندھ کے کروڑوں عوام نے احتجاج کے ذریعے مردم شماری کو مسترد کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت سمجھداری سے کام لے۔ سندھیوں کو دیوار سے نہ لگایا جائے۔ پیپلز پارٹی اقتدار کے مفادات کے لیے خاموش رہے لیکن سندھی عوام کبھی خاموش نہیں ہوں گے۔



