پاک فوج کے 2 ریٹائرڈ افسران کو کورٹ مارشل کی سزا
حیدرآباد(گردوپیش ویب ڈیسک: پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران کو کورٹ مارشل کے ذریعے سزاء سنا دی اور رینک بھی ضبط کر لئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 2 ریٹائرڈ افسران عادل فاروق راجہ اور حیدر رضا مہدی کو کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ کو 14 سال جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں ریٹائرڈ افسران کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے جرم اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923ء کے تحت سزا سنائی گئی، عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023ء کو دونوں ریٹائرڈ افسران کو سزائیں سنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزاء کے تحت 21 نومبر 2023ء سے دونوں ریٹائرڈ افسران کے رینک ضبط کر لئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سزا پانے والے پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران اپنے سوشل میڈیا بیانات اور وی لاگز میں پاک آرمی اور اعلیٰ افسران کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کیا کرتے تھے۔




