حیدرآباد تفصیلات کے مطابق حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے سالانہ انتخابات،راحت کاظمی صدرجبکہ لالہ مرزاخان جنرل سیکرٹری منتخب
حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے سالانہ انتخابات میں سید راحت علی کاظمی صدر اور لالہ مرزا خان جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے۔
حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے دفتر 37 گول بلڈنگ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں الیکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالحفیظ عابد نے منتخب عہدیداروں کا اعلان کیا، کمیٹی کے ارکان شکیل احمد خان اور مزدور رہنما اعجاز حسین کے علاوہ یونین کے ارکان نے کافی تعداد میں شرکت کی، ایچ یو جے دستور کے نئے عہدیداروں کا انتخاب اتفاق رائے سے عمل میں آیا، ذیل کے عہدیدار منتخب ہوئے۔
صدر سید راحت علی کاظمی، سینئر نائب صدر نصیر راہی، نائب صدر خالد شیخ، جنرل سیکریٹری مرزا خان، جوائنٹ سیکریٹری وسیم احمد شروانی، خازن محمد عارف قریشی، سیکریٹری اطلاعات علی قریشی، مجلس عاملہ کے ارکان یاسین راہی، شمشیر خاصخیلی، احتشام ملک، حشام شیخ، محمد نوید، گلزار واہوچو، شاہد حفیظ، دیپک کمار، لیگل ایڈوائزر فہیم صدیقی، الیکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالحفیظ عابد نے اتفاق رائے سے عہدیدار منتخب کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور سب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔
عبدلحفیظ عابد نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیدار یونین کے ارکان اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لئے پورے اخلاص اور محنت سے کام کریں اور بہتر کارکردگی سے برادری کو متحد کریں گے۔
پی ایف یو جے دستور کی مجلس عاملہ کے رکن تجمل حسین خان نے بھی نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ صحافیوں کے مفادات کے لئے بھرپور مخلصانہ جدوجہد کریں گے۔
نومنتخب صدر سید راحت علی کاظمی اور جنرل سیکریٹری مرزا خان نے یقین دلایا کہ وہ یونین کے ارکان کے اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے اور یونین کے ارکان اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے۔




