وقت آگیا ہے آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں، شہباز شریف
حیدرآباد(گردوپیش)ویب ڈیسک وزیراعظم شہباز شریف نے شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا سہرا نواز شریف کے سر جاتا ہے، عوام کو یاد رکھنا ہوگا کہ پاکستان کوایشین ٹائیگر بنانے کا منصوبہ کس نے بنا رکھا تھا لیکن بدقسمتی سے ترقی و خوشحالی کے اس سفر کو 2018 میں ختم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے 90 دن میں 300 ارب ڈالر لانے کا وعدہ کیا تھا، اگر وہ 300 ارب ڈالر آجاتے تو ہم آئی ایم ایف کی منتیں نہ کر رہے ہوتے، ترقی کے سفر کو روک دیا گیا اور گزشتہ چار سال ضائع کر دیئے گئے۔
انہوں نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ القادر یونیورسٹی 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل ہے، قوم کی دولت کو گزشتہ چار سالوں میں لوٹا گیا، چینی، گندم سکینڈل میں پاکستان کے کھربوں لٹ گئے، انہوں نے کہا کہ یہ وہ معاملات ہیں جن کو ذہن میں رکھ کر الیکشن میں فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بے نامی 190 ملین پاؤنڈ (50 ارب روپے) برطانیہ کے اکاؤنٹس میں تھے، برطانوی ایجنسی نے کہا یہ پیسہ پاکستان کے خزانے میں جائے گا، یہ پیسہ سٹیٹ بینک میں آنے کی بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹس میں چلا گیا، سپریم کورٹ ادارہ ہے ریاست نہیں۔
معاشی صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی جادو، ٹونوں سے نہیں مسلسل محنت سے ختم ہوگی، مہنگائی کا دورجلد ختم ہوگا۔ اب وقت آگیا ہے آئی ایم ایف کے پاس قیامت تک نہ جائیں اور اس سلسلے میں سب کو محنت کرنا ہوگی، ہم نے معاشی بحالی کا پروگرام بنایا ہے، زرعی ترقی ہوگی تو پاکستان بہت تیزی سے ترقی کرے گا۔




